ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / حزب اللہ مشرق وسطیٰ کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے:ٹرمپ;لبنانی وزیراعظم کی امریکی صدر سے ملاقات

حزب اللہ مشرق وسطیٰ کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے:ٹرمپ;لبنانی وزیراعظم کی امریکی صدر سے ملاقات

Wed, 26 Jul 2017 18:23:20  SO Admin   S.O. News Service

نیویارک،26جولائی(ایس او نیوز/آئی این ا یس انڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ مشرق وسطیٰ کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ صدر ٹرمپ نے یہ بات لبنانی وزیراعظم سعد حریری سے وائیٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر کہی جنہوں نے گذشتہ روز امریکا کے دورے کے دوران صدر ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ حزب اللہ ایران کی مدد سے شام میں انسانیت کے سنگین بحران میں اضافے کی ایک بنیادی وجہ ہے۔ یہ تنظیم نہ صرف لبنانی ریاست، لبنانی قوم بلکہ پورے مشرق وسطیٰ کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
حزب اللہ پر مزید پابندیوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران اس حوالے سے میں اہم اعلان کروں گا۔ حزب اللہ پر مزید پابندیوں کی بابت عسکری مشیروں اور دہشت گردوں کے بارے میں وسیع تجربہ رکھنے والوں سے رائے لی جائے گی۔
صدر ٹرمپ نے داعش اور دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی میں لبنان کی مساعی کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کی جانب سے ہرممکن معاونت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ صدر ٹرمپ کاکہنا تھا کہ امریکا کی مدد سے لبنانی فوج تنہا ملک کے دفاع کے لیے کافی ہوگی اور اسے کسی دوسرے عسکری گروپ کی معاونت کی ضرورت نہیں رہے گی۔
امریکی صدر نے شام کے صدر بشارالاسد پر انسانیت کے خلاف وحشیانہ جنگی جرائم کے ارتکاب کا الزام عاید کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسد رجیم نے اپنا اقتدار بچانے کے لیے نہتے شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کیا۔ میں پورے وثوق سے کہتا ہوں کہ بشارالاسد انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث ہے اور وہ بار بار جنگی جرائم کا مرتکب ہوچکا ہے۔دوسری جانب لبنانی سعد حریری نے پناہ گزینوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے امریکی معاونت کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا لبنان امریکا کی معاونت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری کھے گا۔


Share: